🌺چند مجددین کا ذکر 🌺
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ان چیزوں میں سے جن کو میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم سے سیکھا اور یاد کیا ہے یہ بھی ہے. کہ آپ نے فرمایا کہ یقینا اللہ تعالٰی اس امت کے لئے ہر سو سال پر ایسے لوگ بھیجتا ہے جو اس امت کے دین کی تجدید کرتے رہیں گے.
مذکورہ حدیث سے واضح ہوتا ہے کہ اللہ تعالٰی ہر صدی کے شروع میں کوئی نہ کوئی ایسا مجدد ضرور بھیجتا ہے جو دین میں سے شرک و بدعت کو مٹا دیتا ہے، اور پھر دین کی تجدید اور ترویج اسی نہج پر فرماتا ہے جو جناب سرور کائنات صلی اللہ علیہ و سلم نے امت کو سکھایا تھا. مرقاۃ الصعود کے اندر امام احمد بن حنبل کا قول نقل کیا گیا ہے کہ پہلی صدی ہجری کے شروع میں اللہ تعالٰی نے حضرت عمر بن عبدالعزیز رحمۃاللہ علیہ کو مجدد بنایا، اور ان کی مجددیت امت کے سامنے واضح ہو چکی تھی.
اور پہلی صدی کے مجددین میں حضرت امام ابوحنیفہ رحمۃاللہ علیہ کو بھی شمار کیا جا سکتا ہے. کیونکہ ان کا مجددانہ کارنامہ امت کے سامنے واضح ہے اور انشاءاللہ قیامت تک جاری رہے گا. اگرچہ امام احمد بن حنبل رحمۃاللہ علیہ نے حضرت امام ابوحنیفہ رحمۃاللہ علیہ کا ذکر نہ کیا ہو پھر بھی بات واضح ہے. اور دوسری صدی ہجری کے شروع میں حضرت امام شافعی رحمۃاللہ علیہ کی مجددیت ثابت ہوئی اور انکا مجددانہ کارنامہ بھی امت کے سامنے واضح ہو چکا تھا.
اور بعض لوگوں نے شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃاللہ اور امام غزالی رحمۃاللہ علیہ کو بھی مجدد کہا ہے. ان کے اولیاء اللہ ہونے میں کوئی شک نہیں ہے. اسی طرح خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمۃاللہ علیہ بھی مجدد تھے. کہا جاتا ہے کہ پنجاب سے بنگال تک ایک سفر میں نوے لاکھ انسانوں نے انکے ہاتھ پر محمد صلی اللہ علیہ و سلم کا کلمہ پڑھا. اور اسی طرح خواجہ نظام الدین اولیاء رحمۃاللہ علیہ کے ہاتھوں پر ہزاروں لاکھوں انسانوں نے اسلام کا کلمہ پڑھا.
دسویں صدی ہجری میں شیخ احمد سرہندی علیہ الر حمہ کو اللہ نے پیدا فرمایا جن کو منجانب اللہ مجدد الف ثانی ہونے کا لقب ملا ہے. انہوں نے جلال الدین اکبر کی نئ شریعت اور نئے دین کو ختم کر کے دین محمدی کی تجدید فرمائی. اسی طرح حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی رحمۃاللہ علیہ کی مجددیت کا زندہ ثبوت یہی ہے کہ جتنے علماء و محدثین و فقہاء نظر آرہے ہیں وہ سب انہیں کی دین ہے. اور اسی طرح حضرت مولانا محمد قاسم نانوتوی رحمۃاللہ علیہ کی مجددیت دیکھنے کے لئے عالم اسلام کے مدارس کا مشاہدہ کافی ہے.
دعا ہے اللہ رب العزت ان علماء و محدثین و اولیاء کرام کے جوتیوں کے صدقے ہم سب کی مغفرت فرمائے آمین.
اور ہم سب صراط مستقیم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے آمین.
🌹ماخوذ انوار ھدایت. 🌹
🌱مولانا مفتی شبیر احمد صاحب🌱
🌱 استاذ حدیث جامعہ قاسمیہ🌱
🌷مدرسہ شاہی مرادآباد 🌷
🍃احقر محمد شمیم 🍃
🌾مدرسہ دارالعلوم حسینیہ 🌾
🌺 بوریولی ممبئی 🌺
No comments:
Post a Comment