Monday, 2 November 2015

حمدو مناجات نمبر 5

الٰہی تیری چوکھٹ پر بھکاری بن کے آیا ہوں​

سراپا فقر ہوں عجزوندامت ساتھ لایاہوں​

بھکاری وہ کہ جس کے پاس جھولی ہے نہ پیالہ ہے​

بھکاری وہ جسے حرص و ہوس نے مارڈالاہے​

متاع دین و دانش نفس کے ہاتھوں سے لٹوا کر​

سکونِ قلب کی دولت ہوس کی بھینٹ چڑھوا کر​

لٹا کر ساری پونجی غفلت و نسیاں کی دلدل میں​

سہارا لینے آیا ہوں ترے کعبے کے آنچل میں​

گناہوں کی لپٹ سے کائناتِ قلب افسردہ​

ارادے مضمحل،ہمت شکستہ،حوصلے مردہ​

کہاں سے لاؤں طاقت دل کی سچی ترجمانی کی​

کہ کس جھنجھال میں گزری ہیں گھڑیاں زندگانی کی​

خلاصہ یہ کہ بس جل بُھن کے اپنی روسیاہی سے​

سراپا فقر بن کر اپنی حالت کی تباہی سے​

ترے دربار میں لایا ہوں اب اپنی زبوں حالی​

تری چوکھٹ کے لائق ہر عمل سے ہاتھ ہیں خالی​

یہ تیرا گھر ہے تیرے مہر کا دربار ہے مولا​

سراپا نور ہے اک مَہبطِ انوار ہے مولا​

تری چوکھٹ کے جو آداب ہیں میں ان سے خالی ہوں​

نہیں جس کو سلیقہ مانگنے کا وہ سوالی ہوں​

زباں غرقِ ندامت دل کی ناقص ترجمانی پر​

خدایا رحم میرے اس زبانِ بے زبانی پر​

یہ آنکھیں خشک ہیں یارب انہیں رونا نہیں آتا​

سلگتے داغ ہیں دل میں جنہیں دھونا نہیں آتا​

الٰہی تیری چوکھت پر بھکاری بن کے آیا ہوں​

سراپا فقر ہوں عجزوندامت ساتھ لایاہوں​

(مفتی تقی عثمانی صاحب)

No comments:

Post a Comment