🌱تبلیغی جماعت اصلاحی طریقوں کی جامع ہے 🌱 📝قسط نمبر (3) 📚 امام غزالی رحمۃاللہ علیہ نے اپنی کتاب احیاء العلوم میں عملی کمال پیدا کرنے کے چار طریقے لکھے ہیں. (1) صحبت اھل اللہ( 2) مؤاخا ۃ فی اللہ (3) دشمن کے ذریعے اصلاح( 4) محاسبہء نفس.. علماء دیوبند کی بہت بڑی شخصیت حکیم الاسلام حضرت مولانا قاری محمد طیب صاحب قاسمی نوراللہ مرقدہ ان چاروں جملوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کیا فرماتے ہیں.... اگر آپ غور کریں تو معلوم ہوگا کہ تبلیغ اصلاح کے ان چاروں طریقوں کا ایک مجموعہ مرکب ہے تو یہ تبلیغی جماعت ایک معجون مرکب ہے گویا یہ نسخہء امرت کا بن گیا جس پراصلاح نفس کے یہ چاروں طریقے جمع ہو گئے. ... تبلیغی بھائی.. پھر جب ایک جذبہ سے جائیں گے تو مواخاۃ بھائی چارگی بھی قائم ہوگی یہی وجہ ہے کہ ان میں باہم دوستی بھی قائم ہو جاتی ہے. اسلئے واپس آنے کے بعد ایک دوسرے کو تبلیغی بھائی کے نام سے یاد کیا کرتے ہیں کہ تبلیغی بھائی آرہے ہیں. گویا ان میں کا ہر ایک دوسرے کا بھائی بن جاتا ہے. اور آپس میں ایک قسم کی اخوت ہو جاتی ہے. جماعت کی نماز کی بھی یہی خصوصیت ہے. جب لوگ مسجد میں آتے ہیں تو ایک کی دوسرے سے آنکھیں چار ہوتی ہیں جس کے نتیجے میں باہمی محبت پیدا ہو جاتی ہے. اور جب ان میں کا کوئی کبھی غائب ہوتا ہے تو دوسرے سے معلوم کرتے ہیں کہ فلاں تو روزانہ آیا کرتا تھا آج کیوں نہیں آیا معلوم ہوا کہ بیمار ہے. پھر لوگ اس کی عیادت کے لئے جائیں گے اور اس طرح لوگوں کو عیادت مریض کا ثواب حاصل ہوگا. نیز اللہ تعالٰی سے قرب حاصل ہوگا. حدیث میں ہے کہ مرض کی حالت میں آدمی کو اللہ تعالٰی سے بے حد قرب ہوتا ہے. نیز حدیث ہی میں ہے کہ اللہ تعالٰی بندے سے فرمائیں گے کہ میں بیمار ہوا تھا تو میری مزاج پرسی کے لئے نہیں گیا. بندہ کہے گا کہ اے باری تعالٰی آپ کی ذات تو ان چیزوں سے پاک ہے. آپ کے بیمار ہونے کا کیا سوال؟ باری تعالٰی فرمائیں گے میرا فلاں بندہ بیمار ہوا تھا. اگر تو اس کی عیادت کے لئے جاتا تو تو مجھے اس کی پٹی پر موجود پاتا. تو پھر تجھے بھی وہ قرب نصیب ہوتا جو میرے اس بندے کو مجھ سے حاصل تھا. حاصل یہ ہے کہ ایک مریض کی عیادت کے لئے جانے سے عیادت کے ثواب کے ساتھ اللہ تبارک و تعالٰی کا قرب بھی نصیب ہوگا. اگر خدا نخواستہ اس کا انتقال ہو گیا تو سب کے سب اس کے کفن دفن میں لگیں گے. اس کا بھی ثواب ملے گا. گویا کہ از اول تا آخر ثواب ہی ثواب ہے یہ ہیں برکات مسجد میں حاضری اور بروقت مسلمانوں کے آپس میں ملنے جلنے کے نتائج. 📝اب آپ دیکھئے کہ تبلیغ والے مرکز ہمیشہ مسجد ہی بناتے ہیں. تو مسجدوں کی وہ برکات جو مسجد میں آنے والوں کے لئے مخصوص ہیں. خود تبلیغ والوں کو ضرور بلکہ کچھ زائد ہی نصیب ہوں گی. اور پھر ایک مشرب ایک مسکن ایک مطعم کی بنا پر جو مواخات بھائی بندی کے جذبات باہم رونما ہوتے ہیں. یہ تبلیغی والے اس سے کبھی محروم نہیں رہ سکتے... تو تبلیغی جماعت میں نکل کر شیخ بھی ملے.. دوست بھی ملے.. نیت بھی اچھی ہوئی اور پھر اچھی بات کہنے کا موقع بھی ملا... 🍀ماخوذ خطبات حکیم الاسلام جلد چہارم ☘ اللہ رب العزت ہم سب کو نیک بنائے اور نیکوں کی صحبت عطا فرمائے آمین جاری
No comments:
Post a Comment